بھوپال،22دسمبر(آئی این ایس انڈیا)مدھیہ پردیش حکومت کو ان پٹ موصول ہوا ہے کہ کرونا ویکسین میں جعلسازی ہوسکتی ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں فوڈ سکیورٹی ایکٹ میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی جائے گی۔
اب تک اس قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ 3 سال قید کی سزا موجودتھی۔وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کابینہ میں فیصلے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہئ صحت کو انٹرپول سے اطلاع ملی ہے کہ کرونا ویکسین میں جعلسازی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش حکومت عام شہریوں کی زندگی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔
اس کے لئے فوڈ سکیورٹی ایکٹ میں ترمیم کرکے سزا میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دراصل ڈبلیو ایچ او نے تمام حکومتوں کو اپنا ان پٹ بھیجا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حال ہی میں گوالیار میں جعلی پلازما فروخت کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ ایک سنگین جرم ہے۔ حکومت لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو سزا دے گی۔
انہوں نے کہا کہ میعاد ختم ہونے والی تاریخ کے ادویات فروخت کرنے پر سزا میں اضافے کی تجویز بھی محکمہ قانون نے پیش کی تھی، جسے کابینہ نے منظور کرلیا ہے۔ اس کے تحت دودھ، دیگر کھانے پینے کی اشیاء یا ایکسپائر ڈیٹ کی دوائیوں کی فروخت میں ملاوٹ کی سزا 3 سال سے بڑھا کر 5 سال کردی گئی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں ملاوٹ پر سختی مہم چلائی جارہی ہے۔